Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

کوروناوائرس کے مریضوں کاعلاج، پلازماتھراپی کے کلینکل ٹرائل کی اجازت مل گئی

شائع 09 اپريل 2020 07:24am

اسلام آباد :ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان  (DRAP) نے کورونا وائرس کے علاج کےلیے پلازما تھراپی اور مقامی طور پر تیار وینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائل کی اجازت دے دی۔

کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کے اہم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈریپ نے کورونا کےلیے پلازما تھراپی کے کلینکل ٹرائل کی اجازت دے دی۔

ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے کلوروکوئین کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری اور مقامی طور پر تیار وینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائل کی بھی اجازت دی، پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تیار وینٹی لیٹرز کے ٹیسٹ ٹرائل جاری ہے۔

ڈریپ نے 50 سے زائد کمپنیوں کو 3 ماہ کے لیے ہینڈ سینی ٹائزر تیار کرنے کی اجازت دے دی، لائسنس یافتہ کمپنیوں کو لوکل سینی ٹائزر تیار کرنے کی اجازت ہوگی۔

کمپنیاں ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق سینی ٹائزرز تیار کریں گی، حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

خیال رہے کورونا وائرس کےعلاج کےلیے پیسیو ایمونائزیشن کا طریقہ کامیاب ہونے لگا ہے، چین میں کورونا وائرس سے انتہائی بیمار پانچ مریضوں کا علاج پیسیو امیونائزیشن کے طریقے سے کیا گیا، جن میں سے تین مریض صحت یاب ہوگئے، دیگر دو مریضوں کی حالت بھی بہترہے۔

پیسیو ایمونائزیشن میں کسی بیماری سےصحت یاب ہونے والےمریضوں کے خون سے پلازمہ لےکربیمارشخص میں منتقل کیاجاتا ہے، غیرملکی میڈیاکے مطابق یہ آزمائش چین میں بیس جنوری سے بیس مارچ کے دوران ہوئی۔